ایڈیلیڈ :ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیدرلینڈ نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی جس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئیں۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 117 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ سکندر رضا 40 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ اوپنر ویسلی مدھویرے 1، کپتان کریگ ارون 3، ریگیس چکابوا 5، شان ولیمز 28، ملٹن شمبا 2، ریان برل 2، لیوک جونگوے 6 اور رچرڈ نگروا 9 رنز بناکر نمایاں رہے۔
یدرلینڈز کی جانب سے پال وین میکرن تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ برینڈن گلوور، لوگوان وین بیک اور بیس ڈی لیڈ نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
نیدرلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو انہیں ابتدا میں ہی اسٹیون مائبرغ کی قیمتی وکٹ کا نقصان جھیلنا پڑا۔
اس مرحلے پر میکس او ڈاؤڈ کا ساتھ دینے ٹام کوپر آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 73 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں کولن ایکرمین 1، بس ڈی لیڈے 8 اور کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 5 رنز بناکر نمایاں رہے، میکس او ڈاؤڈ نے ذمہ درانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز کی اننگز کھیلی، نیدر لینڈز نے 18 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
واضح رہے کہ زمبابوے اگر آج کے میچ میں فتح حاصل کرلیتا تو اس کے سیمی فائنل میں رہنے کے امکانات روشن تھے۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آج کا دوسرا میچ بنگلادیش اور بھارت کے درمیان دن ایک بجے شروع ہوگا، یہ میچ دونوں ٹیموں کے علاوہ پاکستان کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
بنگلادیش اگر آج بھارت کو شکست دیتا ہے اور پاکستان اپنے بقیہ دونوں میچز جیت گیا تو قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی اُمیدیں زندہ رہیں گی۔
