لاہور: گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FWCCI) کے وفد نے صدر ایف ڈبلیو سی سی آئی روبینہ امجد کی قیادت میں ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا اورانہیں ترقی کے دھارے میں لانا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی بھی طرح کسی سے کم نہیں اور مختلف شعبوں میں ان کی نمایاں کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ویمن چیمبرز لاکھوں خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویمن چیمبرز ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں اور انڈسٹری کے ساتھ روابط مضبوط کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو ہر شعبے میں نمائندگی دینا اور فیصلہ سازی میں شامل کرنا بہت ضروری ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی کا انحصار معیشت کی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں ہے، معیشت کا پہیہ چلتا ہے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔
محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ایک بل اسمبلی کو اس لیے واپس بھیجا کیونکہ خواتین کے قانون کی منصفانہ نمائندگی کے مطابق(Fair representation of Women law ) اس کے بورڈ میں کوئی خاتون ممبر نہیں تھی۔
انہوں نے تجویز دی کہ کم از کم ایک خاتون کو بورڈ میں شامل کریں، خواتین کی ایمپاورمنٹ اور تعلیم کے لیے یونیورسٹیوں میں کنسورشیم بنایا ہے۔
