English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیرآباد میں فائرنگ واقعہ ہماری سیاسی پستی کا نتیجہ ہے، خواجہ آصف

القمر

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیرآباد میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا واقعہ ہماری سیاسی پستی کا نتیجہ ہے اور اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ ہم اپنے سیاسی نظریے اور سیاسی پسند ناپسند کے لیے جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وزیرآباد کے قریب تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر فائرنگ اندوہناک واقعہ ہے جس میں پی ٹی آئی عمران خان بھی زخمی ہوئے ہیں، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں تشدد کا رجحان قوموں کو لے ڈوبتا ہے، سیاست بنیادی طور پر ڈائیلاگ کا نام ہے، ایک ایسے رشتے کا نام ہے جس سے مسئلوں کو حل کیا جاتا ہے، ان کو گھمبیرنہیں کیا جاتا۔

 انہوں نے کہا کہ جب آپ سیاست میں نفرت، تقسیم اور تفریق کے بیج بو دیتے ہیں تو سیاست بہت مشکل کام ہو جاتا ہے، وہ سیاست نہیں رہتی بلکہ ایک متشدد کلچر کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت نے بھی متشدد رجحانات کو ہوا دی اور یہ متشدد ذہنیت کا شاخسانہ تھا، ہماری سیاست میں 90 کی دہائی کے بعد آہستہ آہستہ بھائی چارے کی فضا ختم ہوتی گئی۔خواجہ آصف نے کہا کہ کچھ دیر کے لیے سیاسی حکومتیں جب برسر اقتدار رہیں تو انہوں نے سیاست کے اندر اس چیز کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کی لیکن ہماری سیاست میں ناصرف زبان متشدد ہوگئی بلکہ آج کا واقعہ اس بات کی گواہی دیتا ہے ہم اپنے سیاسی نظریہ کے لیے جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جب سیاستدانوں کے منہ سے مار دو، جلا دو جیسے الفاظ ادا ہوتے ہیں تو ان کے حامیوں کو تربیت اور لائسنس مل جاتا ہے کہ اگر وہ سیاست کے اندر متشدد راہ اپنا لیں تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ جب سیاستدان اس قسم کی گفتگو کرتے ہیں تو ان کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ اگر آپ طرح کا بیج بوئیں گے تو پوری قوم اس کی کٹائی کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے