English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ٹی آئی  نے عوامی عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی

القمر

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین  وسابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی  نے عوامی عدالت میں جانے کافیصلہ کیا ہے ، اگر طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں تو پھر وہی فیصلہ کریں گے۔

پیر کے روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ منگل کودوپہر ایک بجے وہیں جمع ہونگے جہاں فائرنگ ہوئی تھی ،جن کے ناکام عزائم تھے وہ کامیاب نہیں ہوئے ، لانگ مارچ میں فائرنگ سے شہید معظم کیلئے مغفرت  کی دعا ہوگی ، پارٹی نے  شہید کے بچوں کی مکمل کفالت کی ذمہ داری لی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ وزیرآباد سے ہمارے لیڈر احمد چٹھہ زخمی ہوئے ،   شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی کا قافلہ منگل کو  روانہ ہوگا  اور روالپنڈی اسلام آباد تک پہنچے گا ،پی ڈی ایم قیادت کے وزیر آباد واقع کو ڈرا مہ کہنے پر بہت افسوس ہوا ۔

ان کا کہنا  تھا کہ پی ڈی ایم قیادت لوگوں کے زخموں پر نکل چھڑک رہی ہے ۔ معظم کی والدہ اوربچوں سے پوچھیں کہ کیا یہ ڈرامہ تھا؟ان زخمیوں کے لواحقین سے پوچھیں کہ یہ حقیقت تھا یا ڈرامہ ، پی ٹی آئی نے اللہ کی عدالت میں بہت سے چیزیں چھوڑیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 72گھنٹوں میں جو حالات دیکھے ا س سے پر امید نہیں ہیں ، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے ، اسی کی عدالت سے انصاف ملے گا ، پاکستان تحریک انصاف نے عوام کی عدالت میں جانے کافیصلہ کیا ہے ، اگر طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں تو پھر وہی فیصلہ کریں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے