کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ ملک میں قرآن وسنت کا نفاذ ہی ہمارے تمام مسائل کا حل اورنظریہ پاکستان ترقی اورملکی سالمیت کا ضامن ہے۔
محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ شہباز حکومت کی جانب سے وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کے خلاف حکومتی اپیلیں واپس لینے اورمقررہ مدت میں سودی نظام ختم کرنے والا فیصلہ خوش آئند ہے۔ سود لینے اور دینے والوں کے لیے اللہ اور اس کے رسول( صلی اللہ علیہ وسلم ) کا اعلانِ جنگ ہے۔ اسلام وپاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم وملزوم ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے قباء آڈیٹوریم میں منتظم صوبہ مولانا فریداحمدکی قیادت میں ملاقات کرنے والے جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔امین صوبہ حافظ حذیفہ خان،صوبائی نائب قیم مولانا آفتاب احمد ملک اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا بھی اس موقع پرساتھ موجود تھے۔
صوبائی امیرکاکہنا تھاکہ پاکستان قرآن وسنت کے نفاذکے لیے قائم کیا گیا تھا مگر بدقسمتی سے پاکستان بننے سے آج تک ایک دن کے لیے بھی اس پرعمل نہیں ہوا ہے،اسلام کے عادلانہ قانون کی بجائے آج ہماری عدالت سے لیکرتھانوں میں سامراج کا قانون چل رہا ہے جس کی وجہ ملک کی معیشت تباہ،مہنگائی کا طوفان اورسیلاب وقدرتی آفات قوم کا مقدر بن رہے ہیں۔جمعیت طلبہ عربیہ کے وفد نے امیر صوبہ کو سندھ میں ہونے والے دعوتی وتنظیمی رفتار کار سے آگاہ کیا۔
