English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گورنر سندھ کی ادارہ نور حق آمد، حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات، کراچی کے مسائل پر گفتگو

القمر

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جماعت اسلامی کے دفتر ادارہ نورحق میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن و دیگر ذمے داران سے ملاقات کی۔حافظ نعیم الرحمن نے گورنر سندھ کا ادارہ نورحق آمد پر خیر مقدم کیا اور مولانامودودیؒ کی تفسیر تفہیم القرآن کا تحفہ پیش کیا۔

ملاقات میں حافظ نعیم الرحمن نے شہر کی ابتر حالت،عوام کو درپیش سنگین مسائل اور مشکلات کے حوالے سے گفتگو کی اور مسائل کے حل کے لیے تجاویز اور فوری نوعیت کے اقدامات پر زور دیا۔انہوں نے مجاہد کالونی اور واحد کالونی کے متاثرین کے حوالے سے بھی بات کی اور کہاکہ جن کے گھر مسمار کیے گئے انہیں باعزت طور پر متبادل جگہ منتقل اور زرتلافی ادا کیا جائے۔اس موقع پر نائب امرا کراچی برجیس احمد، ڈاکٹر اسامہ رضی،مسلم پرویز، محمد اسحاق خان،عبدالوہاب،سیکرٹری کراچی منعم ظفر ودیگر بھی موجود تھے۔

کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کاشکر گزار ہوں کہ جنہوں نے خیر مقدم کیا اور انہوں نے شہر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے جو تجاویز دیں ان تمام تجاویز پر عمل درآمد کروانے کے لیے پوری کوشش کریں گے۔کے الیکٹرک کی کارکردگی کے حوالے سے علم ہے کہ کے الیکٹرک کو جس طرح کام کرنا چاہیے تھا اس ادارے نے اس طرح کام نہیں کیا۔ہم وفاقی و صوبائی حکومت سے بھی بات کریں گے، اگر کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو اگلا معاہدہ اس سے کسی صورت نہیں کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ مجاہد کالونی اور واحد کالونی میں جو بھی گھرمسمار کیے گئے ہیں ان تمام متاثرین کے مسائل کے حل کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کہاکہ انتخابات کا مسئلہ اس وقت عدالت میں ہے،جماعت اسلامی سمیت دیگر پارٹیاں بھی چاہتی ہیں کہ شہر میں ترقیاتی کام ہوں،شہریوں کو اختیار ہے کہ وہ جسے چاہے اپنا میئر بنائیں ہم میئر کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہراس وقت بے شمار مسائل کا شکار ہے، جس میں ایک اہم مسئلہ درست مردم شماری کا ہے،بد قسمتی سے کسی بھی حکومت اور حکمران پارٹی نے کراچی کی درست مردم شماری کے حوالے سے کبھی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔نواز لیگ کے دور میں ہونے والی 2017کی مردم شماری کو بھی پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے مل کر نوٹیفائی کیا جس کے نتیجے میں کراچی کی آدھی آبادی کو غائب کردیا گیا،اس کے بعد پی ڈی ایم کی حکومت کو بھی 6ماہ ہوگئے ہیں لیکن اس اتحادی حکومت نے بھی درست مردم شماری کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ وفاق اور صوبہ دونوں کے نمائندے ہیں۔ کراچی کے بہت سارے مسائل کا تعلق براہ راست سندھ اور کچھ مسائل کا تعلق وفاق سے ہے۔ ہم امید کرتے ہیں گورنر سندھ کراچی کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم گورنر سندھ سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ مردم شماری کے اس سنگین مسئلے پر توجہ دیتے ہوئے درست مردم شماری کروائیں گے اور مردم شماری اس طرح کروائی جائے کہ جو جہاں رہتا ہے اسے وہیں شمار کیا جائے۔

ہم امید رکھتے ہیں کہ گورنر سندھ کے الیکٹرک کی نااہلی وناقص کارکردگی اور اس کے لائسنس کی منسوخی کے عوامی مطالبے کے حوالے سے بھی اپنا کرداراداکریں گے تاکہ کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام بجلی کے مسئلے سے بھی نجات حاصل کرسکیں۔ہم یقین دلاتے ہیں کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے گورنر سندھ نے جو بھی کوشش کی ہم آئینی وجمہوری طریقے سے ان کا ساتھ دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے