English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دی آرٹس فورم نے مبشر میر کو صدارتی امیدوار نامزدکردیا

القمر

دی آرٹس فورم نے آرٹس کونسل آف پاکستان کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے مبشر میر کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا ہے ۔دی آرٹس فورم نے کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ممبران کی تفصیلات اور ووٹر لسٹ دی آرٹس فورم کو فراہم کی جائے اور انتخابی عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔ تفصیلات کے مطابق دی آرٹس فورم کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس صدر نجم الدین شیخ کی صدارت میں منعقد ہو ا۔اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ دی آرٹس فورم پینل 18دسمبر کو ہونے والے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گا ۔صدر آرٹس فورم نے اس حوالے سے پینل کے پانچ امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کیا ،جس کے مطابق مبشر میر صدر ،قندیل جعفری نائب صدر ،تحسیم الحق حقی سیکرٹری ،سید نسیم شاہ ایڈوکیٹ فنانس سیکرٹری اور زیڈ ایچ خرم جوائنٹ سیکرٹری کے لیے دی آرٹس فورم کے امیدوار ہوںگے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نجم الدین شیخ نے کہا کہ آرٹس کونسل کی موجودہ انتظامیہ کے تمام تر آمرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود ہمارا انتخابی عمل میں حصہ لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں اور ووٹ کے ذریعے تبدیلی کے عمل پر یقین رکھتے ہیں ۔آرٹس کونسل میں گزشتہ چند سالوں کے دوران ہونے والی خفیہ ممبر شپ کے ذریعے ایک گروپ نے اپنا تسلط قائم کرنے کی کوشش کی ہے ہم اس کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتے رہے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ہماری یہ آواز مزید توانا ہوتی جارہی ہے ۔آرٹس کونسل کے حقیقی ممبران ہماری اس جدوجہد سے واقف ہیں اور آنے والے الیکشن میں وہ دی آرٹس فورم کو ووٹ دے کر اپنے اعتماد کا اظہار کریںگے ۔انہوںنے کہا کہ کمشنر کراچی جو اس الیکشن میں چیف الیکشن کمشنر بھی ہوںگے ان سے ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے ابھی سے اقدامات کیے جائیں اور ممبران کی فہرست فوری طور پر اپوزیشن کو مہیا کی جائے ۔ماضی میں اس حوالے سے دی آرٹس فورم کو شدید پریشانیوں کا سامنا رہا ہے جبکہ انتخابی عمل کے دوران شفافیت اور برقرار رکھنے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے