نئی دہلی:بھارت میں ایک شوہر نے تقریبا 2 کروڑ روپے انشورنس کی رقم ہتھیانے کے لیے بیوی کو ٹریک حادثے میں قتل کروا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے شہر جے پور کے رہائشی منیش چند نے ایک کرائے کے قاتل کو ہائر کیا جس نے اپنی کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار منیش چند کی بیوی اور اس کے کزن کو ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اکتوبر میں پیش آیا جب منیش کی بیوی شالو اپنے کزن راجو کے ہمراہ مندر جا رہی تھی۔
پولیس کے مطابق منیش اور شالو کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے اور منیش نے قتل کے منصوبے سے کچھ عرصہ قبل ہی شالو کی انشورنس کرائی تھی اور 2019میں شالو کی شکایت پر ایک مرتبہ اس کے شوہر منیش کو جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی تھی۔
پولیس حکام کا کہناتھا کہ منیش نے قتل کے منصوبے کے تحت اپنی اہلیہ سے کہا کہ پنڈت نے اسے کہا ہے کہ اگر اس کی اہلیہ 12مرتبہ مندر کا دورہ کرے گی تو تم دونوں خوشحال زندگی گزارو گے جبکہ منیشن نے اہلیہ شالو کو قتل کرنے کے لیے مکیش سنگھ راٹھور نامی شخص کو 10لاکھ کی طے کردہ رقم میں سے ساڑھے 5لاکھ روپے ایڈوانس میں دیے۔
پولیس کا کہنا تھا شوہر کے بار بار اصرار پر شالو نے اپنے کزن کے ساتھ موٹر سائیکل پر مندر جا رہی تھی کہ کرائے کے قاتل نے اپنی گاڑی جان بوجھ کر ان کے موٹر سائیکل سے ٹکرائی جس سے دونوں کی موت واقع ہو گئی،جے پور پولیس نے منیش چند اور مکیش سنگھ راٹھور سمیت 5افراد کو گرفتار کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
