امریکہ کے وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ ہم، چین میں کورونا وائرس تدابیر کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی حمایت کرتے ہیں۔ آئندہ سال متوقع دورہ چین میں میں اس موضوع کو ایجنڈے پر لاوں گا۔
بلنکن نے سی این این ٹیلی ویژن میں جیک ٹیپر کے پروگرام "اسٹیٹ آف یونین” میں شرکت کی اور سوالات کے جواب دئیے۔
چین میں کورونا وائرس تدابیر کی حمایت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ "بلاشبہ ہم ان مظاہروں کی حمایت کرتے ہیں۔ چین میں، ایران میں یا پھر دنیا کی کسی بھی جگہ پر ہو ہم انسانی حقوق، پُر امن احتجاج کے حق اور اظہارِ بیان کی آزادی کے حق کا ہر جگہ دفاع کرتے ہیں”۔
بلنکن نے آئندہ سال چین کے متوقع دورے کی یاد دہانی کروائی اور کہا ہے کہ، دورے میں، میں اس موضوع کو بھی ایجنڈے پر لاوں گا۔
واضح رہے کہ موسم خزاں میں اومیکرون ویریئنٹ کے پھیلاو میں اضافے کی وجہ سے چین انتظامیہ نے صفر کیس پالیسی کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں سخت حفاظتی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں۔
واضح رہے کہ عوام نے، قرنطینہ، سیاحتی پابندی، اجتماعی ٹیسٹ، پیداوار، تجارت اور خدمات کے شعبوں میں کاروباری مقامات کے کم صلاحیت کے ساتھ چلنے یا پھر بند رہنے جیسی تدابیر کے خلاف ردعمل کے لئے، ملک کےمختلف حصوں میں احتجاجی مظاہرے کئے تھے۔
