English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان دیگر ممالک کیساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے، بلاول

اسلا م آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپنی جمہوریتوں کو مضبوط کریں گے، جس کے بعد معاشی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔

انڈونیشین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پرامن، خوشحال اور ترقی کرتا افغانستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ دہشت گردی اور اسلاموفوبیا آج کے دور کے بڑے مسائل ہیں،ہمیں اسلاموفوبیا کے مسئلے پر بھی مل کر کام کرنے کے ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امید کی سیاست کرکے نفرت کی سیاست ختم کریں گے، اور میں پرامید ہوں کہ ہم سیاسی چینلجز سے نبرد آزما ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بالی میں ڈیموکریٹک فورم میں شرکت کرنے پر بہت خوشی ہے، پاکستان کی جمہوریت کی جدوجہد کے حوالے سے طویل تاریخ ہے، مجھے اس حوالے سے پاکستانی کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔

معاشی بحران سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دنیا کو ایک کے بعد ایک بحران کا سامنا ہے، ہم 100 سال میں ایک بار ہونے والی عالمی وبا کو دیکھا۔اسی طرح یوکرین بحران کی وجہ سے دنیا بھر میں منفی معاشی اثرات مرتب ہوئے۔اسی طرح موسمیاتی تباہی کا جس طرح دنیا کو سامنا ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس کی ایک مثال رواں برس کے اوائل میں پاکستان میں آنے والا سیلاب ہے، اس کی وجہ سے ہم سب معاشی مشکلات کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے سوسائٹی کو چیلنجز درپیش ہوتے ہیں، اور بعض اوقات اس کی وجہ سے نفرت کی سیاست جنم لیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب نئی نوجوان نسل کو جمہوریت اور تقسیم کی سیاست کے چینلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔ انڈونیشیا کے وزیر خارجہ کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے، تاکہ مشترکہ وزارتی کمیشن قائم کیا جاسکے، جس کے بعد دو طرفہ تعلقات کو وسعت دی جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین کے حقوق اور انہیں بااختیار بنانا ہمارے لیے نہایت اہم ہے، یہ انڈونیشیا کی حکومت کی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اولین ترجیح ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں بالی میں صرف ڈیموکریٹک فورم میں شرکت کرنے نہیں آیا تھا بلکہ سائیڈ لائن اجلاسوں میں ویمن امپاورمنٹ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا پہلا مسلمان ملک ہے، جس کی وزیر اعظم ایک خاتون وزیراعظم بنی تھیں، ہم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خواتین کے حقوق اور انہیں بااختیار بنانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے