قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس نے مراکش کو شکست دے کر اس کا فائنل میں پہنچنےکا خواب چکنا چور کردیا۔
فرانس نےسیمی فائنل میں مراکش کو دو صفر سے ہرایا
البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی ٹیم نے پانچویں منٹ میں ہی برتری حاصل کرلی، یہ گول ہرنانڈس نے اسکور کیا، اس گول کے بعد مراکش کی ٹیم نے حریف ٹیم پر حملے بڑھائے مگر اُن کے کھلاڑی اسکور نہ کرسکے ، وقفے تک مقابلہ ایک صفر تھا۔
دوسرے ہاف میں مراکش نے حکمت عملی تبدیلی کی اورجارحانہ کھیل کھیلا ، گول کرنے کے متعدد مواقع ملنے کے باوجود وہ خسارہ پورا نہ کرسکے ، اسی اثنا میں 79ویں منٹ میں کولو موآنی نے گول کرکے فرانس کی برتری دو صفر کردی۔
مراکش نے آخری چند منٹوں میں تابڑ توڑ حملے کیے مگر ناکام رہے اور میچ دوصفر سے فرانس کی جیت پر ختم ہوا۔
عالمی کپ کا فائنل مقابلہ اب اتوار کو فرانس اور ارجنٹائن کے درمیان جبکہ تیسری پوزیشن کےلیے کرویشیا اور مراکش کے درمیان مقابلہ ہفتے کے روز ہوگا۔
