سیالکوٹ :وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کم از کم چوہدری پرویز الٰہی کا جی نہیں چاہ رہا اسمبلیاں تحلیل ہوں، اگر ہمارے ساتھ ہوتے، آج بھی وزیرِ اعلیٰ ہوتے،70 برس میں جتنے عمران خان نے قرضے لیے کسی نے نہیں لیے، کہتے تھے کہ قرضہ نہیں لوں گا مر جاؤں گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ خود تو مرا نہیں مگر عوام کو مار دیا، 70 برس میں جتنے عمران خان نے قرضے لیے کسی نے نہیں لیے، کہتے تھے کہ قرضہ نہیں لوں گا مر جائوں گا، خود تو مرا نہیں مگر عوام کو مار دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں جو ورثے میں حکومت ملی اس کے حالات ٹھیک نہیں تھے، لیکن ہماری کوشش ہے حالات بہتر کریں گے، گزشتہ شام کو انہوں نے اپنا آخری پتہ کھیلا، کہتے ہیں کہ اسمبلیاں تحلیل کر دوں گا، مجھے پتہ نہیں کہ انہوں نے یہ کچھ دنوں کا وقفہ کیوں رکھا۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کا چہرہ دیکھنے والا تھا جیسے کوئی لوٹ گیا ہو، کسی کی مرضی کے مطابق استعفیٰ دینا ہے یا اسمبلیاں توڑنی ہیں ایسا نہیں ہوتا۔وزیرِ دفاع نے کہا کہ عمران اس لیے چاہتا ہے کہ الیکشن جلدی ہوں اور تھوڑا وقت گزر گیا تو اس کے جادو کا اثر ختم ہو جائیگا اس نے سارا جو جھوٹ بولا ہے سب کے سامنے ہے، دولت اور اقتدار کی ہوس اس کا نصب العین ہے۔
