لاہور:پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کاش اس ٹیم کا اعلان نہ ہوتا تو اس پر غور کرتے اور نئے آئیڈیاز کے ساتھ کام کرتے البتہ اب اس پر آگے دیکھیں گے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ چار سال کے بعد آیا ہوں، بہت کام کرنا ہے، ہمیں ڈومیسٹک کرکٹ کو ٹھیک کرنا ہے کیونکہ ہم ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنا چاہتے ہیں تاکہ روز گار ملے،انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا موقف ہے کہ ٹیم بھی تبدیل کریں اور کچھ لوگوں کی رائے میں ابھی ٹیم کو نہیں چھیڑنا چاہیے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اب ٹیم کا اعلان ہوچکا ہے، پتا نہیں مناسب ہے یا نہیں اس میں کوئی تبدیلی لائی جائے یا اسے رہنے دیا جائے، اس پر ہم بات کرلیں گے، کاش اس ٹیم کا اعلان نہ ہوتا تو اس پر غور کرتے اور نئے آئیڈیاز کے ساتھ کام کرتے، اب اسے بعد میں دیکھیں گے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہمیں ابھی نہیں پتا کتنی گہرائی میں کیا فیصلے ہوئے اور اس کے پیچھے کیا سوچ تھی جب کہ بھارت کا جہاں تک معاملہ ہے تو اس پر حکومت کی رائے لینی پڑتی ہے اور ہدایات وہیں سے ملتی ہیں،ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ہماری طرف سے رمیز راجا سے کوئی تصادم نہیں، میں تو پہلے بھی خود استعفی دے کر چلا گیا تھا جب کہ نئی حکومت آئی تو مجھے انتہائی اعلی سطح سے پیغام دیا گیا کہ آپ نے کہیں نہیں جانا آپ بیٹھے رہیں ہماری بات چیت ہوگئی ہے آپ کو نہیں ہلایا جائے گا لیکن میں نے دیکھا یہ مناسب نہیں۔
