یوکرین کے صدر ولودی میر زلنسکی نے بعض یوکرینی فوجیوں کے جنگی قیدی بننے کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ” ہم تمام یوکرینی مردوں اور عورتوں کو دوبارہ سے آزاد کروائیں گے”۔
یوکرین صدارتی دفتر کے، سرکاری انٹر نیٹ سائٹ سے، جاری کردہ بیان کے مطابق صدر زلنسکی نے مغربی عیسائی ممالک میں منائے جانے والے کرسمس تہوار کی مناسبت سے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ” یوکرین میں بھی لاکھوں ا فراد 25 دسمبر کو کرسمس مناتے ہیں لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس سال کے تمام تہوار دکھ اور تکلیف میں ڈوبے ہوئے ہیں”۔
زلنسکی نے کہا ہے کہ” یوکرین میں، روس کے خلاف، جنگ اصل میں 8 سال سے جاری ہے۔ ہم پورے یقین اور باہمی اتحاد کے ساتھ ملکی آزادی کے لئے لڑنا جاری رکھیں گے۔ آئیے ان سردیوں میں صبر کریں کیونکہ ہمیں پورا ادراک ہے کہ ہم کس لئے جنگ لڑ رہے ہیں”۔
انہوں نے کہا ہے کہ "اس سال یوکرین کے عوام جنگ کے سائے میں کرسمس منا رہے ہیں۔ بعض یوکرینی قید میں کرسمس منا رہے ہیں اور بہت سے دوسرے ملکوں میں مہاجرین کی شکل میں سخت مشکل حالات میں۔ ہم تمام یوکرینی مردوں ا ور عورتوں کو دوبارہ سے آزاد کروائیں گے”۔
صدر ولودی میر زلنسکی نے روسی فوج کے حملوں کی وجہ سے ملک کے انرجی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے اور اس کے نتیجے میں ملک میں لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہونے کی طرف اشارہ کیا اور تمام مشکلات کے باوجود عوام کو کرسمس منانے کی دعوت دی ہے۔
