مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 16 سالہ فلسطینی جاں بحق ہوگیا۔
فلسطینی سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق، اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر نابلس میں واقع بالاتہ مہاجر کیمپ میں ایک سولہ سالہ فلسطینی عامر ابو زیتون پر فائرنگ کر دی۔
بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کیمپ میں اصلی اور ربڑ کی گولیوں سمیت اشک آور گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں فلسطینی نوجوان کے سر میں گولی لگ گئی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو فلسطینی زخمی ہو گئے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی قوتوں نے گزشتہ منگل کو ایک 15 سالہ لڑکے کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔
گزشتہ سال اسرائیلی قوتوں کی فائرنگ سے 170 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوئے تھے۔
