چیئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے اقربا پروری کے الزمات سے بچنے کے لیے اپنے بیٹے علی سیٹھی کو پی ایس ایل کے آفیشل سانگ میں پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دی۔
نجم سیٹھی کا اس معاملے پر کہنا تھا کہ علی سیٹھی کی میرے آنے سے پہلے پی سی بی کے ساتھ پی ایس ایل کے آفیشل سونگ کے حوالے سے بات چل رہی تھی، لیکن اگر میں علی سیٹھی کو گانا دے دیتا تو لوگ اعتراض کرتے کہ اپنے بیٹے کو گانا دے دیا، نہ جانے کتنے پیسے دیے ہوں گے، میں نے مفادات کے ٹکراو سے بچنے کے لیے علی سیٹھی کو گانا نہیں دیا۔
یاد رہے کہ علی سیٹھی ایک مقبول گلوکار کی حیثیت سے خود کو منوا چکے ہیں، ان کی شہرت کا چرچا اس وقت ہوا جب انہوں نے 2022 میں کوک سٹوڈیو کے سیزن 14 کا چھٹا گانا ‘پسوری’ گایا۔ اس گانے کی وجہ سے علی سیٹھی کو بڑی شہرت اور پہچان ملی، پسوری پاکستان کا پہلا گانا تھا جس کو سپوٹیفائی میڈیا کے گلوبل چارٹ کے 50 وائرل گانوں میں شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے ایک طرف تو اچھی مثال قائم کی ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو فائدہ پہنچانے سے انکار کر دیا ہے، مگر اس میں علی سیٹھی جیسے ٹیلنٹ کے ساتھ زیادتی کا عنصربھی پایا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ سینئیر تجزیہ کار نجم سیٹھی جب سے کرکٹ بورڈ کے چئیرمیں بنے ہیں ان کے اوپر ایک سیاسی پارٹی اور بورڈ کے سابق چئیرمیں رمیض راجہ کی طرف سے شدید تنقید کا ہو رہی ہے، ہو سکتا ہے نجم سیٹھی نے مزید تنقید اور اعتراضات سے بچنے کے لیے علی سیٹھی کی قربانی دے دی ہو۔