English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 کمزور طبقات بشمول بچوں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کی مضبوط آواز بنوں گی، مشعال ملک

protection

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ پاکستان میں بھی کمزور طبقات بشمول بچوں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کی بھی مضبوط آوازبنوں گی.

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ معاشرے میں خواتین کے تحفظ اور استحصال کے خاتمے کے لیے ہمیں حکومتی پالیسی اور قوانین کے عملی نفاذ کے درمیان فاصلوں کو کم سے کم کرنا ہو گا۔ متاثرہ افراد کو اس بات کا یقین دلانا ہوگا کہ وہ کمزور نہیں۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو حکومت پاکستان اور یو این وویمن کے زیر اہتمام خواتین کے تحفظ اور استحصال کے خاتمے کے حوالے سے نیشنل کانفرنس آف سروس پرووایڈرز میں کیا۔ کانفرنس میں خواتین کو حقوق و انصاف کی فراہمی اور استحصال کے خاتمے کے حوالے سے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں خواتین سے زیادتی کو بھارتی قابض افواج ایک جنگی ہتھیار اور ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کر رہی ہے اور زیادتی اور تشدد کے ان المناک واقعات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی بیٹی ہونے کی حثیت سے مجھے بخوبی اندازہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر کیا گزرتی ہے۔میں جب بھارتی جیل میں قید کشمیری حریت راہنما اپنے خاوند یسین ملک سے جیل میں ملنے گئی تو اس وقت جس طرح میری تلاشی لی گئی مجھے وہ ہراساں کرنے جیسا لگا۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی حالت زار کو دیکھتے ہوئے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ پاکستان میں بھی کمزور طبقات بشمول بچوں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کی بھی مضبوط آواز بنیں گی۔ گذشتہ چند سالوں میں پاکستان میں خواتین کے حقوق اور استحصال کے خاتمے کے حوالے سے کافی کام ہوا ہے جس کا اظہار جسٹس منصور علی شاہ نے بھی اپنے اظہار خیال میں کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے