اسلام آباد:تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کا کہنا ہیکہ ان کا پریس کانفرنس کا بالکل ارادہ نہیں۔
اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پرویز الہی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی جس میں انہوں نے بتایا کہ مجھے رات بھر تھانہ سی آئی اے میں رکھاگیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھ سے کسی نے کیا ملاقات کرنی، میں ہی کسی سے ملاقات نہیں کرناچاہتا۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ زرداری، نواز اور شہباز شریف اپنا پیسہ لے آئیں تو ملک کے مالی حالات ٹھیک ہو جائیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ پریس کانفرنس کرنے کا ارادہ ہے؟ اس پر پرویز الہی نے کہا کہ بالکل ارادہ نہیں۔
دوسری جانب کیس کی سماعت کے موقع پر پولیس اہلکار نے پرویز الہی کو عدالت سے باہر لے جانے کی کوشش کی جس پرانہوں نے پولیس افسر پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں کھڑکی سے نہیں کودوں گا۔
پولیس افسر نے پرویز الہی سے کہا آپ کوباہر لیکر جانے کاحکم ملا ہے، اس پر سابق وزیراعلی نے پوچھا کس افسر نے حکم دیا ہے؟ میرے سامنے لائیں۔
پرویز الہی نے کہا کہ جب تک فیصلہ نہیں سنایا جاتا، مجھے کمرہ عدالت میں بیٹھے رہنے کا کہا گیا ہے۔
