اسلام آباد : اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کو اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی گرفتار کرلیا۔
حکام اینٹی کرپشن کے مطابق پرویزالہی اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا ہی ہوئے تھے کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔
حکام اینٹی کرپشن کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کو راہداری ریمانڈ کے لیے جوڈیشل کمپلیکس پہنچایا گیا جہاں عدالت نے ان کا ایک روز کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا ، عدالت نے پرویز الہی کے طبی معائنے کا بھی حکم جاری کیا ۔ حکام کے مطابق سابق وزیراعلی کے خلاف اینٹی کرپشن میں چار مقدمات درج ہیں۔
دوسری جانب پرویز الہی کے وکیل سردار عبدالرازق نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہی کی رہائی روکنے کیلئے نئے مقدمے میں 12 ویں مرتبہ گرفتار کیا جارہا ہے ، پرویز الہی کے ضمانتی مچلکے داخل نہیں ہوئے تھے، ابھی ایک کیس میں رہائی نہیں ملی تھی کہ دوسرے کیس میں گرفتار کر لیا گیا، پرویز الہی کو جیل سے ہی ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔
وکیل عبدالرازق نے کہا کہ کسی طرح کی پریس کانفرنس کرنے کے لیے تیار نہیں ، لاہور ہائی کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ کسی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پرویز الہی کی جوڈیشل کمپلکس توڑ پھوڑ کیس میں ضمانت منظور ہوئی تھی، انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض پرویز الہی کی ضمانت منظور کی تھی۔
