English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ریڈیو پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کا سفر جاری ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

القمر

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ  پاکستان سمیت دنیا بھر میں براڈ کاسٹنگ کا منظر نامہ بدل رہا ہے،ریڈیو پاکستان نے ڈیجیٹل مائیگریشن کے طویل سفر میں کئی سنگ میل حاصل کیے ہیں۔ ریڈیو پاکستان نے مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود استقامت کے ساتھ ترقی کا سفر جاری رکھا،آج ریڈیو پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کا سفر جاری ہے۔

ریڈیو ریسورس کنٹرول اینڈ مینجمنٹ کے موضوع پر ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں منعقدہ عالمی کانفرنس سے بذریعہ زوم خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان نے اپنے تمام آرکائیو کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ ہم ریڈیو پاکستان کی نشریات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے ڈی آر ایم ٹیکنالوجی کی طرف لے جا رہے ہیں۔

ڈی آر ایم ٹرانسمیٹر کی تنصیب سے ریڈیو پاکستان کی نشریات ملک بھر سمیت ہمسایہ ممالک تک دستیاب ہوں گی۔ ڈی آر ایم ٹیکنالوجی کے باعث ریڈیو پاکستان کی آپریشنل لاگت میں 40 فیصد تک کمی ہوگی۔ اس ٹیکنالوجی سے ایک ٹرانسمیٹر متعدد پروگرام ترسیل کر سکے گا جب کہ اس سے بجلی کے استعمال میں بھی بچت ہوگی،بہترین معیار کے آڈیو سگنل کے علاوہ ڈی آر ایم ٹرانسمیٹرز ایمرجنسی وارننگ سسٹم سے بھی لیس ہیں جو قدرتی آفات کی صورت میں ہنگامی الرٹ بھی جاری کر سکیں گے،اسی طرح ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو آفت زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے میں مدد ملے گی۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈی آر ایم ٹیکنالوجی کی تنصیب میں تعاون پر ڈی آر ایم کنسورشیم بالخصوص چیئرپرسن رکزیندرا اوبریجا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ڈی آر ایم کنسورشیم کے مسلسل تعاون اور ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ اور انجینئرز کی مشترکہ کاوشوں سے امید ہے کہ مستقبل قریب میں ڈیجیٹل رول آوٹ کو ممکن بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے