اسلام آباد:تحریک انصاف کے ترجمان نے مسلم لیگ (ن)کو سیاسی چالبازیوں پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ وہ خود کو مسخروں کی انجمن کے طور پر رجسٹرڈ کرائے۔
ترجمان نے کہا کہ سیاسی پروگرام سے محروم بزدل مفرور کی قیادت میں نون لیگ کی پوری لیڈرشپ الٹی سیدھی قلابازیاں لگانے میں مصروف ہے، ججوں اور جرنیلوں کے احتساب سے شروع ہونے والا سلسلہ معاملات اللہ کے سپرد کرنے پر تمام ہوا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن)کا نہ کوئی سیاسی پروگرام ہے اورنہ ہی یہ کوئی سیاسی جماعت ہے بلکہ یہ مسخروں اور مفاد پرست لالچی لوگوں کا ایک ٹولہ ہے جن کو ملک اور اس کے عوام کے مفاد کی فکر تک نہیں۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ اس بات کا اندازہ یہاں سے لگایا جاسکتا ہے کہ بزدل مفرور سمیت پارٹی کی پوری قیادت عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے سزا یافتہ مفرور کی وطن واپسی سے قبل نئے بیانیے کی آڑ میں ڈرامے رچانے میں مصروف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران اپنے رِنگ ماسٹر کی قیادت میں مسخروں کا گروہ بیانات اگلنے اور نگلنے، ایک ٹانگ پر گھومنے اور پیر سر پر رکھ کر بھاگنے کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہی ہے۔

