کراچی:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ کارروائیاں ہوں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جمعہ کے روز کراچی کا دورہ کیا، جہاں وہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کے ساتھ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں آرمی چیف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر متعلقہ سرکاری محکمے ملک میں کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں کے اسپیکٹرم کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ کارروائیاں کریں گے۔
اجلاس میں آرمی چیف اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں نیشنل ایکشن پلان، کچے کے علاقوں میں جاری آپریشن ، سی پیک پروجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سیکورٹی، ملک میں غیر قانونی مقیم افراد کی واپسی اور غیر ملکی کرنسی کو ریگولرائز کرنے سے متعلق اقدامات پر غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں کراچی ٹرانسفارمیشن پلان، سندھ میں ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر پیشرفت اور گرین سندھ سے متعلق موضوعات بھی زیر بحث رہے۔
دوران اجلاس آرمی چیف نے زور دیا کہ ملک میں وسائل کی چوری اور منفی سرگرمیوں کی وجہ سے ہونے والے معاشی نقصانات کو روکنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر متعلقہ سرکاری محکمے کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں کے اسپیکٹرم کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں کریں گے۔
قبل ازیں کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کراچی آمد پر ان کا استقبال کیا۔
