لاہور:جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ فاشٹ اسرائیلی حکومت مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے ۔معصوم لوگوں کے خلاف جارحانہ طرز عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔فلسطین ، کشمیر سمیت دنیا میں جہاں بھی ظلم و نا انصافی کا بازار گرام ہے وہاں امن کو قائم کرنا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
محمد جاوید قصوری نے کہاکہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر لاہور سمیت ملک بھر میں9تا15اکتوبر ، ہفتہ یکجہتی فلسطین منایا جائے گا، جس میں ہر سطح پر احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کئے جائیں گے ۔ پاکستان کے 25کروڑ غیور عوام اپنے مصیبت زد ہ بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل اور بھارت دہائیوں سے قتل عام کر رہے ہیں، مگر مجال ہے کہ کسی بھی انسانیت کے علمبردار ملک کے کانوں پر جوں تک بھی رینگتی ہو، فلسطین اور اسرائیل کے حالیہ تنازعہ میں700 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور1600 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ میں بجلی کی بندش اسپتالوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے کے مطابق غزہ کی پٹی میں 123,000 سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں سے 74,000 کے قریب سکولوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
