ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

 افغانستان میں زلزلےکے تازہ جھٹکوں کے بعد زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے

طالبان حکومت اور مغربی افغانستان میں امدادی گروپس نے پیر کے روز کہا کہ امدادی ٹیمیں ایک طاقتور زلزلے اور اس کے بعد آنے والے متعدد جھٹکوں کے دوروز بعد ملبے میں دبے ہوئے زندہ بچ جانے والے لوگوں کو نکالنے کےلیے امدادی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس زلزلے میں سینکڑوں لوگ ہلاک اور بہت سے زخمی ہوئے ہیں ۔

ہفتے کے روز مغربی صوبے ہرات میں 6 اعشاریہ 3 کی شدت کے اس زلزلے سےسب سے زیادہ متاثرہ دور افتادہ ڈسٹرکٹ زندہ جان کے اندر اور ارد گرد کے ایک درجن سے زیادہ دیہات تباہ ہو گئے ۔

عہدے داروں او ر عینی شاہدین نے کہا ہے کہ پیر کے روز زلزلے کے تازہ جھٹکوں سے متاثرہ علاقہ دو بار ہل کر رہ گیا ۔ فوری طور پر کسی نقصان کی رپورٹ نہیں ملی۔

طالبان حکومت نے رپورٹ دی ہے کہ ہفتےکے اس زلزلے میں کم از کم دو ہزار لوگ ہلاک ہوئے ، جب کہ اقوام متحدہ نے تصدیق کی کہ زلزلے میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک،لگ بھگ 1700 لوگ زخمی اور1300 سے زیادہ گھرجزوی طور پر یا مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی سے متعلق دفتر نے زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے 5 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ۔ طالبان نے دنیا بھر کے ملکوں اور بین الاقوامی امدادی اداروں سے زلزلہ زدگان کی بحالی میں مدد کی اپیل کی ہے ۔

پڑوسی ملکوں پاکستان ، ایران اور چین کی ریڈ کراس سوسائٹی نے فوری طور پر زلزلہ زدگان کے لیے مالی اور دیگر امداد دی ہے ۔طالبان نے پیر کے روز کہا کہ سعودی چیریٹی نے افغان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے زریعے دو ملین ڈالر مالیت کی خوراک اور دوسری اشیا فراہم کی ہیں ۔

پیر کے روز ایمنیسٹی انٹر نیشنل نے طالبان حکام پر زور دیا کہ وہ انسانی ہمدری کے اداروں کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں تک محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی کی ضمانت دیں۔

جنوبی ایشیا کے لیے عالمی نگران ادارے کےعلاقائی ریسرچر ، زمان سلطانی نے کہا کہ افغانستان کے لوگ پہلے ہی شدید اقتصادی بحران اور متعدد برسوں کے تنازعے کے اثرات سے متاثر ہیں ۔ اور اب جب کہ موسم سرما قریب ہے ایمنیسٹی انٹر نیشنل نے طالبان حکام اور انٹر نیشنل کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ان ہزاروں خاندانوں کو رہائش، مناسب خوراک، پینے کا پانی ، اور صحت کی دیکھ بھال تک رسائی میں مدد کے لیے فوری طور پر اپنے وسائل کو متحرک کریں، جنہیں زلزلے سے تباہ ہوجانے والے اپنے گھروں کی وجہ سے غیر یقینی مستقبل کا سامنا ہے ۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں