بونیئر:امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ حماس نے سرپرائز دے کر اسرائیل کے دانت کھٹے کردیے ہیں، قابض اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیل مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے، لیکن مسلم حکمرانوں کو فلسطینی مسلمانوں اور مسجد اقصی کی حفاظت کی توفیق نہیں ہو رہی۔
پروفیسر محمد ابراہیم نے کہاکہ حماس کے مجاہدین بے سر و سامانی کی حالت میں قبلہ اول کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، اس وقت دنیا کی امامت مسلمانوں کے ہاتھ میں نہیں ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ دنیا کی امامت ظالموں سے لے کر منصفوں کے حوالے کریں۔ اساتذہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو پاکستان کا مفید شہری بنانے کی کوشش کریں۔ یہی بچے کل ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے، 1948 میں اسرائیل کے قیام سے پہلے بسنے والے یہودی فلسطین کی شہری آبادی کہلائی جا سکتی ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ناجائز، غاصبانہ قیام کے بعد دنیا بھر سے منتقل ہونے والے یہودی غاصب، قابض ہیں، امریکا نے خود تو ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرا کر لاکھوں انسانوں کا قتل کیا لیکن ہمیں مشورے دے رہا ہے کہ آپ کے ایٹم بم سے انسانیت کو خطرہ ہے۔