ریاض: سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا معاملہ معطل کردیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ریاض حکومت نے سفارتی تعلقات بحال کرنے کے سلسلے میں اسرائیل کے ساتھ جاری معاملات کو فی الحال معطل کردیا ہے۔
اسرائیل اور فلسطین کے درمیان حالیہ صورت حال اور فلسطین پر مسلسل اسرائیلی حملوں کے علاوہ غزہ کی ناکا بندی اور بم باری کے بعد سعودی عرب نے اسرائیل کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں ہونے والی بات چیت کو معطل کردیا ہے، اس حوالے سے میڈیا ذرائع میں کہا جا رہا ہے کہ پیش رفت سے امریکا کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریاض حکومت اسرائیل کے ساتھ جاری بات چیت فی الحال مکمل ختم نہیں کررہی، تاہم فلسطین پر جاری حملوں اور خطے کی غیر یقینی صورت حال کے پیش نظر معاملے کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فلسطین کے معاملے پر ایرانی صدر سے گفتگو بھی کی ہے۔