اسلام آباد: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اعظم سواتی کو عدالت نے اشتہاری ملزم قرار دیتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے اعظم سواتی کی متنازع ٹویٹس کے کیس میں مسلسل عدم حاضری پر انہیں اشتہاری ملزم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی جہاں نظر آئیں، گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے اعظم سواتی کو ایف آئی اے کے دونوں مقدمات میں اشتہاری قرار دیا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنما نے دونوں مقدموں میں ضمانت لے رکھی تھی لیکن گزشتہ کئی پیشیوں پر پیش نہ ہونے کے بعد عدالت نے فوری گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ اعظم سواتی کی مسلسل عدم حاضری کے باعث عدالت نے ضمانتیں خارج کر دی تھیں۔
