English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حقیقت ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، خواجہ آصف

القمر

سیالکوٹ: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کوئی اختلافی بات نہیں کرنا چاہتا، لیکن یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع اور لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کے پاکستان آنے میں کچھ دن رہ گئے، ان کی محبت کا جذبہ زندہ تھا اور رہے گا۔ ان کی جلا وطنی کارکنوں کے دلوں میں ان کی محبت کو کم نہیں کر سکی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی 14 ماہ کی حکومت میں روز یہی لگتا تھا کہ اقتدار ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پاکستان آنے کے بعد مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہو جائے گی۔ عوام نے ہر دور میں ہم پر بھروسا کیا ہے۔شیر کی واپسی گواہی دیتی ہے کہ اللہ کا کرم نواز شریف کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسی دوسری کوئی تاریخ نہیں ہے کہ ایک شخص کو سازشوں کے ذریعے 3 بار وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا ہو، اس سازش میں سبھی شامل تھے، پھر بھی کوئی سازش عوام کے دلوں میں ان کی محبت کم نہیں کر سکی۔

سابق وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہم ووٹوں کے ساتھ اقتدار میں آئے لیکن سازشیں جاری رہیں۔ہم نے ان سازشوں کا اسمبلیوں اور گلی محلوں میں مقابلہ کیا۔ مہنگائی عروج پر ہے لیکن نواز شریف واپس آکر اس میں کمی کریں گے اور آہستہ آہستہ بہتری آئے گی۔ نواز شریف کی واپسی سے معیشت میں بہتری آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے