شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید مقابلے ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 اکتوبر کو شمالی اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 2 شدید مقابلے ہوئے۔
پہلی جھڑپ ضلع جنوبی وزیرستان کے جنرل ایریا اسمان مُنزہ میں ہوئی، جہاں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا ۔ واقعے میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ دوسرا زخمی ہوا۔ دریں اثنا شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی ساجد اعظم نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
اُدھر شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے عام علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ایک اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا جب کہ ایک سپاہی وارث خان نے وطن کی خاطر جان قربان کرکے شہادت کا درجہ پایا۔
علاقے میں موجود دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے فورسز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں ۔ جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
