جدہ: سعودی عرب نے آئندہ برس (2024ء) کے لیے حج پروازوں کا شیڈول باضابطہ طور پر جاری کردیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی ایوی ایشن کی جانب سے دنیا بھر سے آنے اور جانے والی حج پروازوں کی تاریخیں اور متعلقہ انتظامات کا اعلان کردیا ہے۔
آئندہ برس (2024ء میں) ہونے والے حج کے لیے پروازیں 9 مئی سے شروع ہوں گی اور 10 جون کو اس آپریشن کا اختتام ہوگا۔ اس کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ یکم جنوری مقرر کی گئی ہے۔
شیڈول کے مطابق حج کے بعد واپسی کی پروازیں 20 جون سے شروع ہوں گی اور اس آپریشن کا آغاز 21 جولائی کو ختم ہوگا۔ اس حوالے سے سعودی ایوی ایشن نے پی آئی اے کے علاوہ تمام ممالک کی ائرلائنز کو شیڈول سے باقاعدہ آگاہ کردیا ہے اور تاکید کی گئی ہے کہ حج پروازوں کے لیے درخواستیں یکم جنوری تک لازمی جمع کروا دی جائیں۔
واضح رہے کہ سعودی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حج 2024ء میں ریکارڈ تعداد میں حاجیوں کو خوش آمدید کہا جائے گا اور اس حوالے سے حرمین شریفین، ہوائی اڈوں، ٹرانسپورٹ، ہوٹلز، راستوں، تاریخی اور اہم مقامات اور عرفات و منیٰ وغیرہ میں انتظامات کو فائنل کیا جا رہا ہے۔