ٹیگوکیگلپا، ہنڈراس: غزہ میں اسرائیلی درندگی پر بطور احتجاج لاطینی امریکا کے ایک اور ملک ہنڈراس نے بھی اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا۔
ہنڈراس نے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بطور احتجاج اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلاتے ہوئے غزہ میں معصوم شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔
ہنڈراس کے وزیر خارجہ ایزیک رینا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر جس کو ایکس کا نام دیا گیا ہے پر کہا ہے کہ صدر زیومارا کاسترو نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی آبادی کی سنگین انسانی صورت حال کی روشنی میں سفیر کو فوری طور پر واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہری آبادی کو سنگین انسانی صورت حال کا سامنا ہے صدر زیومارا کاسترو کی حکومت نے اسرائیل میں جمہوریہ ہنڈراس کے سفیر مسٹر رابرٹو مارٹینز کو فوری طور پر ٹیگوسیگالپا میں مشاورت کے لیے بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ہنڈراس بائیں بازو کی قیادت والی لاطینی امریکی حکومت ہے جس نے اسرائیل کے بڑھتے ہوئے جارحیت پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرنے کے لیے سفارتی اقدامات کیے ہیں۔
قبل ازیں بولیویا کی حکومت نے منگل کو اسرائیل پر غزہ میں “انسانیت کے خلاف جرائم” کا الزام لگاتے ہوئے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے۔ چلی اور کولمبیا نے بھی اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا تھا۔