لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئیں، فیلڈ میں الیکشن کی تیاری کریں،11 نومبر کو فلسطین سے اظہار یکجہتی کا ایجنڈا رکھا گیا ہے۔
ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان سے مہنگائی ختم کرنے ، کسان کو سستی کھاد اور بجلی فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، مسلم لیگ ن وہ واحد جماعت ہے جو الیکشن کیلئے تیار ہے، جس نے اپنا الیکشن سیل بنادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی منشور کمیٹی نے اپنا کام شروع کردیا ہے اور تمام صوبوں کے پارلیمانی بورڈ ترتیب دے دیئے گئے ہیں، پاکستان کے عوام کی فیلڈ 21اکتوبر کو پورے ملک نے دیکھی، مخالفین کا لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے ابھی سے رونا ان کی شکست کی نشاندہی کرتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مخالفین ایک طرف لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا روتے ہیں اور دوسری طرف کلین سوئپ کا کہتے ہیں، 21 اکتوبر سے ہماری انتخابی مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔
