مظفر آباد: آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے پورے آزاد جمو کشمیر میں پبلک ٹرانسپورٹ ،دکانیں، بازار اور کاروباری مراکز بند ہیں، جس کے باعث عوام کوکافی پریشانی کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی نے 10 نکاتی چارٹرآف ڈیمانڈ پرعملدرآمد کیلئے ہڑتال کی
کال دینے کے بعد مظفر آباد کی طرف لانگ مارچ بھی شروع کردیاہے، حکومت کی جانب سے راستے میں کی جانے والی رکاوٹیں عبور کرنے کے بعد ایک بڑی تعداددارالحکومت میں داخل ہوگئی ہے، کئی جگہوں پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا، جس میں کئی کارکن زخمی ہوئےجبکہ مظاہرین کے پتھراؤں کے نتیجے میں اے ایس پی میرپور خاور علی اور تحصیلدار ڈڈیال سردار رضوان لطیف زخمی ہوگئے تھے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔
تین دن سے جاری ہڑتال کے نتیجے میں انٹرنیٹ سروس فی الوقت مستقل طور پر بندکردی گئی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، حالات پر قابو پانے کے لیے آزاد جموکشمیر کی حکومت نےبھاری نفری میں رینجرز طلب کی ہے۔

