English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بائیڈن اور ٹرمپ دو صدارتی مباحثوں میں ایک دوسرے کے مقابل ہوں گے

رواں برس پانچ نومبر کے ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران صدر جو بائیڈن اور ان کے متوقع ری پبلکن حریف سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو مباحثوں میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گے۔

بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان 27 جون کو پہلے صدارتی مباحثے کی میزبانی امریکی نشریاتی ادارہ ‘سی این این’ کرے گا جب کہ اے بی سی نیوز چینل 10 ستمبر کو دوسرے مباحثے کا میزبان ہو گا۔

ٹرمپ کئی ہفتوں سے مباحثے کا مطالبہ کر رہے تھے جب کہ صدر بائیڈن نے حال ہی میں ان مباحثوں پر اتفاق کیا ہے۔

امریکی صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران امیدواروں کے درمیان مباحثوں کی روایت دہائیوں سے چلی آ رہی ہے۔

بدھ کو مباحثوں کی تاریخوں پر اتفاق کے بعد دونوں امیدواروں نے فوری طور پر ایک دوسرے پر طنز کیا۔




صدر بائیڈن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 میں مجھ سے دو مباحثے کھوئے، اس کے بعد سے وہ بحث کے لیے نہیں آئے ہیں۔”

دوسری جانب ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل سائٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ صدر بائیڈن کے ساتھ بحث کے لیے تیار ہیں۔ ان کے بقول بائیڈن ایک بدترین بحث کرنے والے شخص ہیں اور وہ دو جملے ایک ساتھ نہیں کہہ سکتے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان 2020 کے صدارتی انتخابات میں بھی آمنا سامنا ہوا تھا جس میں ٹرمپ بائیڈن سے ہار گئے تھے لیکن وہ اب بھی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں ایک سازش کے تحت صدر بننے سے روکا گیا تھا۔

سابق صدر ٹرمپ کو مختلف مقدمات میں مجرمانہ الزامات کا بھی سامنا ہے۔ ان مقدمات میں سے ایک کا فیصلہ اگلے دو ہفتوں میں آنے کی توقع ہے۔

ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے 2016 کے صدارتی انتخابات سے قبل ایک پورن اسٹار کو اپنے افیئر پر خاموش رہنے کے لیے رقم فراہم کی تھی اور بعد ازاں اس رقم کو غلط طور پر خرچے کے طور پر ظاہر کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے