غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، جس کے دوران فرینڈلی فائرنگ میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور کچھ زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے فوجیوں کی ہلاکتیں حماس کے حملے میں نہیں بلکہ خود فوج کے اپنے ہاتھوں ہوئی ہیں،تمام فوجیوں کا تعلق پیرا ٹروپرز بریگیڈ کی 202ویں بٹالین سے تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی ٹینک کی فائرنگ سے پانچ فوجی ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی فوجیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بین اقوامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں میں سارجنٹ ڈینیئل چیمو، سارجنٹ ایلان کوہن ،کیپٹن روئے بیت یاکوف، اسٹاف سارجنٹ گیلاد آری بوئم، اور اسٹاف سارجنٹ بیتزلیل ڈیوڈ شاشوہ شامل ہیں۔
بین اقوامی میڈیا کے مطابق زخمی فوجیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

