English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ سیل اور آپریشن کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ سیل کرنے اور سی ڈی اے آپریشن کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کی جانب سے وکلاء شعیب شاہین اور عمیر بلوچ و دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سی ڈی اے کی جانب سے وکیل حافظ عرفات جبکہ ضلعی انتظامیہ سے اسٹیٹ کونسل ملک عبد الرحمٰن عدالت پیش  ہوئے ہیں ۔

تحریک انصاف کے وکیل ، شعیب شاہین نے کہا کہ انہوں نے اپنے ریکارڈ میں نوٹسز لگائے مگر موجودہ نوٹس کا کوئی ذکر نہیں  ،سی ڈی اے نے فراڈ کیا، اگر دیکھا جائے تو دو نوٹسز کا ایک ہی نمبر ہے ۔

تحریک انصاف کے وکیل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو نوٹسز بھیجے وہ پی ٹی آئی کو نہیں بلکہ سرتاج علی کو بھیجے ہیں،  ہم سرتاج علی سے زمین واگزار کرارہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے آپریشن کے وقت میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ پی ٹی آئی کو ہم نے نوٹس ہی نہیں کیا  ۔

وکیل سی ڈی اے کی جانب سے  درخواست میں موقف  اپنایا گیا کہ ارشد داد اور نسیم الرحمن دونوں پی ٹی آئی کے ممبران ہیں  جبکہ ان دونوں کے مطابق  انہوں نے کمرشل پلاٹ خریدا، اسکا استعمال ہی تبدیل کردیا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ کمرشل پلاٹ کو پارٹی کےلئے استعمال کیا گیا جس سے وہاں کے لوگ متاثر ہورہے ہیں ۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کونسے نوٹس میں کہا ہے کہ اس پلاٹ کو کسی اور مقصد کےلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا ، اگر کسی نے پلاٹ کرایہ پر دیا ہوا ہو تو نوٹس کس کو جائے گا؟  ۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ہم نے کئی کیسز دیکھے ہیں جس میں  سی ڈی اے والے کبھی ایک کو نوٹس کرتے ہیں کبھی دوسرے کو نوٹس کرتے ہیں ۔سی ڈی اے ایسے معاملات پر مالک اور کرایہ دار کو نوٹسز کیوں نہیں کرتا تاکہ یہ معاملہ ایک ہی بار میں ختم ہو جائے ۔

 وکیل سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ جتنی اجازت دی گئی انہوں نے اس کے اوپر مزید تعمیر کیا ہے جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے ۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے