ڈیلاس: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ انفرادی اہداف بعد میں آتے ہیں، میرا ایک ہی ہدف ہے اور وہ یہ ہے کہ ورلڈ کپ جیتنا ہے،میں اپنے ریکارڈ نہیں دیکھتا، ہم کوشش کریں گے کہ جو غلطیاں پہلے ہوئیں وہ نہ دہرائیں۔
ڈیلاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ میرا فوکس اس پر ہے کہ ٹیم کو مجھ سے کیا چاہیے ،ہم اچھی تیاریوں کے ساتھ امریکا آئے ہیں، کسی کا بیٹنگ نمبر فکسڈ نہیں، ہمارے ذہن میں ہے کہ ہمیں کس طرح کی کرکٹ کھیلنا ہے صورتحال کے مطابق بیٹنگ نمبر تبدیل ہوسکتا ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں اور کامیابی حاصل کریں ، ورلڈکپ جیتنے کا عزم لے کر آئے ہیں، ہم نے ماضی میں بھی ایسے حالات میں کھیلا ہے، بیٹرز انڈورز میں ٹریننگ کررہے ہیں، بولرز نے فیلڈ میں ٹریننگ کی ہے، جو دستیاب سہولیات تھیں اس کو استعمال کرتے ہوئے پریکٹس کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاداب خان اہم کھلاڑی ہیں، امید ہے پرفارم کریں گے ،شاداب نے مختلف کنڈیشنز میں پرفارمنس دی ہے ،امریکا میں پہلی بار کرکٹ ہو رہی ہے اس لیے یہ نہ سوچیں کہ یہ نہیں یا وہ نہیں مل رہا، ہوٹل سے فاصلہ یا سہولیات پر ہم نہیں سوچ رہے، یہ بورڈ کا کام ہے، وارم اپ میچ نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہم کھیلتے ہوئے آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی ہوم کنڈیشنز ہے ،یہاں فاسٹ باؤلرز اچھا پرفارم کر رہے ہیں ،جو ٹیم کیلئے بہتر ہوتا ہے ہم وہ پلان کرتے ہیں، بدقسمتی سے صائم ایوب ویسا پرفارم نہیں کر پایا جیسا امید تھی، صائم ایوب گیم چینجرہے لیکن اس کو وہ باری نہیں ملی جس کی ضرورت تھی، کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے سے فائدہ ٹیم کو ہی ہوگا۔

