ریاض: سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا، جس کے مطابق عیدالاضحیٰ 16 جون کو ہوگی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے علاوہ امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں بھی ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے۔ اس طرح ان ممالک میں اسلامی کیلنڈر کے آخری مہینے کا آغاز ہوگیا، جس کے بعد یکم محرم سے نیا اسلامی سال شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی محکمہ فلکیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی تھی کہ آج 29 ذیقعد کو ذوالحجہ کو کا چاند نظر آنے کے امکانات زیادہ ہیں اور غروب آفتاب کے بعد 13 منٹ تک چاند افق میں رہے گا۔
قبل ازیں سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے آج جمعرات کے روز شہریوں سے ذو الحجہ کا چاند دیکھنے اور شہادتیں جمع کرانے کی اپیل کی گئی تھی۔ اس حوالے سے بیان میں کہا گیا تھا کہ شہری چاند نظر آنے کی صورت میں شہادتیں سپریم کورٹ یا مقامی عدالتوں میں جمع کرا سکتے ہیں۔
سعودی سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کل جمعہ کے روز یکم ذوالحجہ ہوگی۔ اس طرح سعودی عرب میں عید الاضحیٰ 16 جون اور یوم عرفہ 15 جون کو ہوگا۔

