بدین (نمائندہ جسارت) سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن حکومت سندھ کے تعاون سے چلنے والے پیشن ایلیمنٹری پبلک اسکول، مچھیاری موری میں سالانہ ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ آفیسر ایکسائز اینڈ ٹیکنیشن عبدالجبار گھرانہ اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی ناممکن ہے، تعلیم ہمیں شعور دیتی ہے ان کا کہنا تھا کہ شہر سے دور دیہی علاقے میں اس طرح کا اسکول گاؤں والوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں بچوں کی طرف سے پیش کیے گئے ٹیبلوز، بیت اور تقاریر ان کے اساتذہ کی محنت اور بچوں کی صلاحیتوں کا نتیجہ ہیں ان بچوں سے بہت توقعات وابستہ ہیں، آج کے یہ بچے کل کے ڈاکٹر اور انجینئر ہوں گے دیہی بچوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن انہیں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اس طرح کے اچھے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر محمد حنیف گھرانہ نے سکول کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکول میں 12 اساتذہ ہیں اور 350 سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں ان بچوں کو سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے مفت تعلیم دی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکول انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ اس اسکول کا ہر بچہ پڑھ کر یونیورسٹی تک تعلیم حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ مکینوں کے ساتھ مل کر اسکول نہ پڑھنے والے ہر بچے کو اسکول لائیں گے تاکہ ہم اس علاقے سے جہالت کا مکمل خاتمہ کر سکیں تقریب میں سیاسی و سماجی رہنمائوں اور اسکول کے طلباء و طالبات کے والدین سمیت مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں اسکول کے بچوں نے ٹیبلوز پیش کیے اس دوران بچوں میں آگہی پیدا کرنے کے لیے مختلف مقابلے بھی کرائے گئے ۔اس موقع پر پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ میں ٹرافیاں اور میڈلز بھی تقسیم کیے گئے اس کے علاوہ بہترین کارکردگی پر اساتذہ کو تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔