English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حیسکو اور کنٹونمنٹ بورڈ کے رویے سے حیدرآباد کے تاجر پریشان

القمر

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) انجمن تاجران کینٹ بازار حیدرآبادکے تاجروں کے وفد نے صدر یاسر قریشی کی صدارت میں حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری سیکرٹریٹ کادورہ کیا۔ اس دورے کے دوران تاجروں نے حیسکو کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ اور کنٹونمنٹ بورڈ کے عملے کی جانب سے تاجروں کو ہراساں کرنے اور اُن کی دکانوں کو بنا کسی قانونی وجہ کے سیل کرنے کے خلاف لائحہ عمل بنانے پر چیت کی۔ تاجروں نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری نے ان سب کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے اور ان کے مسائل پر ہمیشہ آواز اٹھائی ہے۔ کینٹ بازار حیدرآباد کی امن کمیٹی کے صدر یاسر قریشی نے کہا کہ کنٹونمنٹ بازار سے کمرشل بجلی کے بلوں کی ادائیگی 100 فیصد اور ڈفینس حیدرآباد کے ڈومیسٹک بلوں کی ادائیگی 88 فیصد ہونے کے باوجود حیسکو حیدرآباد کی جانب سے 10 سے 12 گھنٹے کی اعلانیہ اور کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ اِس لوڈ شیڈنگ نے ناصرف کاروبار کو متاثر کیا ہے بلکہ تاجروں اور عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کی حدود میں موجود دُکانوں کو بنا نوٹس کے سیل کیا جارہا ہے جو نا صرف تاجروں کی مارکیٹ میں ساکھ بلکہ کاروبار پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے۔ اِس کے ساتھ کنٹونمنٹ بورڈ کے عملے کا رویہ تاجروں کے ساتھ خراب ہے اور نا وہ اُن کے مسائل کو سننا چاہتے ہیں اور نا ہی اُس عملے کو تاجروں کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی ہے۔ اُنہیں صرف چھوٹے چھوٹے واجبات پر تاجروں کی دوکانیں سیل کرنے سے کام ہے۔ جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ کے 1924 سے لے کر 2016 تک کی تمام ترمیم میں کہیں بھی کسی بھی تاجر کی جگہ کو سیل نہیں کیا جاسکتا لیکن پھر بھی تاجروں کے ساتھ یہ زیادتی کی جارہی ہے۔ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد اسماعیل فاروق نامی نے کہا کہ چیمبر کا پلیٹ فارم تمام تاجروں کے مسائل حل کروانے کے لیے اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اور کنٹونمنٹ بازار کے تاجروں کے مسائل بھی چیمبر ضرور متعلقہ حکام تک پہنچائے گا اور اُنہیں حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے اینیول رینٹل ویلیو کی اسسمینٹ کی جاتی ہے جس میں اکثر ادا کیے ہوئے ٹیکسز کو بھی دوبارہ لگا دیا جاتا ہے یہ اسسمینٹ ہر سال کی جانی چاہیئے۔ نائب صدر کنٹونمنٹ بورڈ شاہد عزیز نے کہا کہ وہ تاجروں کے ووٹ سے کنٹونمنٹ بورڈ میں آئے ہیں اور کنٹونمنٹ بورڈ میں اُن ہی کی نمائندگی کرتے ہیں تمام تاجروں کی جانب سے کوشش یہ کرنی چاہیئے کہ جب بھی کنٹونمنٹ بورڈ کے حوالے سے اُنہیں کوئی بھی شکایت ہو تو وہ اپنے منتخب نمائندوں سے بات کریں اُن کے منتخب نمائندے یقینا اُن کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنی بھرپور وشش کرینگے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے منتخب نمائندے قاضی اشہد نے کہا کہ کنٹونمنٹ میں زیادہ تر تاجروں کے مسائل کی بڑی وجہ تاجروں کے پاس کوئی پلیٹ فارم کا فقدان تھا لیکن اب حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری نے تمام تاجروں کو ایک پلیٹ فارم دیا ہے۔ اس سے تاجروں اور کنٹونمنٹ بورڈ میں دوریاں کم ہونگی اور تمام تاجروں کی آواز اور اُن کے مسائل ایک پلیٹ فارم سے ان کے منتخب نمائندوں کے ذریعے اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں گے۔ اس موقع پر سابق صدر دولت رام لوہانہ، اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی محمد فرحان اقبال، حافظ احمد حسین شیخ اور کشور کمار بھاٹیا، انجمن تاجران کینٹ بازار حیدرآبادکے وفد میںنائب صدر یونس پٹھان، جنرل سیکرٹری قیصر برنی، چیئرمین غازی صلاح الدین، شاہد، شہباز، اقبال میمن اور ٹنڈو جہانیہ سے امن کمیٹی کے سینئر رکن سید معظم شاہ جہانیہ اور محمد عابد سولجرموجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے