English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ہم اشاروں پر نہیں چلتے، حق دینا ہوگا یا پھر حکومت کا تختہ گرایا جائے گا، حافظ نعیم

suggestion to move the sit-in to D Chowk

پشاور:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم اشاروں پر نہیں چلتے، عوام کو حق دینا ہوگا یا پھر حکومت کا تختہ گرایا جائے گا۔

پختونخوا کے دارالحکومت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارے ساتھ تحریری معاہدہ کیا ہے، اب ہم عوام کے حقوق لینے کے لیے حکومت کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔  انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے اشارے پر نہیں چلتے، حق دینا ہوگا یا پھر حکومت کا تختہ گرایا جائے گا۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کے سوا حکومت پاس کوئی آپشن نہیں ہے۔ عوام بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، پیٹرولیم اور گیس کی قیمتوں سے پریشان ہیں، اگر کوئی اس غلط فہمی میں ہے کہ یہ پچھلے دھرنوں کی طرح ایک ناکام دھرنا تھا تو یہ ان کی بھول ہے۔ جماعت اسلامی اپنی حکمت عملی کی وجہ سے ڈی چوک نہیں گئی۔

انہوں نے کہا کہ کنٹینر ہٹا دیا تھا لیکن نظم و ضبط کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ شرکا میں رکاوٹیں عبور کرنے اور آگے بڑھنے کی ہمت تھی، جب قیادت کی جانب سے حکم آیا تو کارکن وہیں رک گئے تھے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ حکومت آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کرے۔ آئی پی پیز کے معاہدوں میں تمام حکومتیں شامل ہیں، ان معاہدوں کو عوام کے سامنے لایا جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بجلی کی قیمتوں کو کم کیا جائے اور عوام کی مشکلات میں کمی لائی جائے اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صرف اپنی مراعات لینے کے لیے کرسی پر بیٹھی ہے۔حکومت نے کھانے پینے کی چیزوں پرٹیکس لگا دیا ہے،  خیبر پختونخوا میں حکومت جیبیں بھرنے میں لگی ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی مظلوموں کی آواز بنی ہے، معاہدے کی 45 دن کی مدت تھی اب 41 دن رہ گئے ہیں۔اگر حکومت شرائط پرعمل نہیں کرتی تو پھر جماعت اسلامی سڑکوں پر نکلے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے