راولپنڈی:پاک افغان سرحد پر 5 خوارج دراندازی کی کوشش کے دوران مارے گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 سپاہی شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ضلع باجوڑ میں سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے خارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو روکا، اس دوران 5 خوارج مارے گئے جب کہ 4 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب ضلع باجوڑ کی حدود میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کرنے کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کو سیکورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے ناکام بنادیا۔ اس دوران 5 خوارج ہلاک ہوگئے۔
کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مادر وطن کے 3 بہادر سپوت نائیک عنایت خان (عمر: 36 سال، ضلع خیبر کے رہائشی)، لانس نائیک عمر حیات (عمر: 35 سال، ضلع مانسہرہ کے رہائشی) اور سپاہی وقار خان (عمر: 25 سال، ضلع پشاور کے رہائشی) بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرحد پر مؤثر انتظامات کو یقینی بنائے۔ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمے داریوں کو پورا کرے اور افغان سرزمین کو خوارج کے ذریعے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے واقعات کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی سیکورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

