وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کو باہر سے مدد مل رہی ہے انہیں پاک فوج کیساتھ مل کر ختم کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد پاک چین دوستی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں اور دشمن قوتیں پاکستان اور بلوچستان کو ترقی کرتے نہیں دیکھنا چاہتیں، پاک فوج کے افسر اور جوان دن رات دہشتگردوں کا پیچھا کر رہے ہیں اور انہیں وفاق وبلوچستان حکومت کی مکمل سپورٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ مل کر پاکستان کے دشمنوں کو نشان عبرت بنائیں گے۔ کوئٹہ میں بلوچستان کے سیاسی عمائدین سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ تمام محب وطن لوگ ہیں جو بلوچستان کی ترقی اور امن چاہتے ہیں، ہم نے وہاں کے لوگوں کے جائز مشوروں کو سننا اور اس پر عمل کرنا ہوگا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عوامی فلاح کے کئی منصوبے شروع کیے ہیں اور وفاق اس حوالے سے ان سے تعاون کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک معاشی پلان ترتیب دیا ہے جس کو جلد عوام کے سامنے بھی لائیں گے اور اگلے پانچ سال کے اہداف ان کے سامنے رکھیں گے، پاکستان جلد معاشی طاقت بنے گا۔

