پشاور (اسپورٹس ڈیسک)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایشیئن باکسنگ چیمپئن محمد شعیب خان زہری کو اسپانسر شپ کی فراہمی پر او جی ڈی سی ایل کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شعیب زہری ملک کا وقاراورپاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان ایشیئن باکسنگ چیمپئن محمد شعیب خان زہری کو ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں بھارت باکسرکے خلاف فائٹ کیلئے اسپانسر شپ فراہمی کی گورنر ہائوس پشاور میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے باکسنگ چیمپئن شعیب خان کو آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کی جانب سے 25 لاکھ 50 ہزار کا اسپانسر شپ چیک حوالے کیا۔ اس موقع پر جنرل منیجر کارپوریٹ سوشل ریسپنسبیلیٹی او جی ڈی سی ایل عبدالرزاق خٹک سمیت متعلقہ افراد موجود تھے۔
تقریب میں مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، صوبہ کے ہونہار کھلاڑیوں سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبہ کا مثبت امیج اجاگر کرنے اور ہونہارجوانوں وباصلاحیت کھلاڑیو ں کی حوصلہ افزائی کیلئے گورنر ہاس کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ روزانہ کی بنیاد پر ا سپورٹس کے ہونہار کھلاڑی ان کے پاس آتے ہیں لیکن یہ سن کر افسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت ا سپورٹس مقابلوں میں سونے کے تمغے حاصل کر رہے ہیں اوران کی معاونت کرنے والا کوئی نہیں۔انہوں نے کہا کہ پشاور اور ایبٹ آباد میں کرکٹ اکیڈمیز قائم کر رہے ہیں جبکہ دوسرے فیز میں سوات اور ڈی آئی خان میں کرکٹ اکیڈمی قائم کریں گے۔اس موقع پر گورنرنے کاروباری شخصیات اور صاحب ثروت افراد پر بھی زوردیا کہ وہ ہونہار کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئے تعاون کریں۔میڈیا سے گفتگو میں نوجوان باکسنگ چیمپئن محمدشعیب خان زہری نے کہا کہ بھارت کا باکسر اس وقت دبئی میں موجود ہے جبکہ وہ اسپانسر شپ کی تلاش میں گھوم رہے تھے، وہ گورنر خیبرپختونخوا کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے نہ صرف اسکی حوصلہ افزائی کی بلکہ اسپانسرشپ کی فراہمی کو یقینی بنایا۔انہوں نے اسپانسر شپ پر اوجی ڈی ایل کا بھی شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بھرپور محنت سے ملک کا نام روشن کر کے واپس آئیں گے۔
