غزہ:صہیونی فوجیوں نے غزہ سٹی میں الجزیرہ ٹی وی کے دفتر پر دھاوا بول کر لائیو نشریات رکوادیں اور عملے کو کیمروں اور دیگر سامان سمیت نکل جانے کا حکم دے دیا۔ یہ کارروائی قطر کے میڈیا آؤٹ لیٹ کی لیٹ نائٹ نشریات کے دوران کی گئی۔
واضح رہے کہ غزہ سٹی میں الجزیرہ کے دفتر پر اسرائیلی فوج پہلے بھی حملہ کرچکی ہے اور عملے کو ہراساں کیا جاتا رہا ہے۔ ہفتے کی شب الجزیرہ کے دفتر میں نقاب پوش اسرائیلی فوجی گھس آئے اور عملے کو یرغمال بنالیا۔
دوسری طرف اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی میں شدت آگئی ہے۔ اس کے نتیجے میں مکمل جنگ کا خطرہ پہلے سے توانا ہوگیا ہے۔ حزب اللہ نے اسرائیل میں بہت دور تک راکٹ حملے کیے ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں اسرائیل کے طول و عرض میں معاملات انتہائی خطرناک شکل اختیار کرگئے ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنی نقل و حرکت زیادہ سے زیادہ محدود رکھیں اور انتہائی ضرورت کے بغیر گھر سے نہ نکلیں۔
اسرائیلی فوج نے لبنان کے مختلف علاقوں میں حملے تیز کردیے ہیں۔ گزشتہ شب دیر گئے اور اتوار کی صبح صہیونی فوج نے وسطی اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے کم و بیش 300 ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے۔ ان حملوں میں حزب اللہ کے 400 سے زائد راکٹ لانچر تباہ کردیے گئے۔

