کراچی:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا کہناہے کہ اسرائیل سب سے بڑا دہشت گرد ہے اور اس کی پشت پناہی کرنے والا بھی امریکہ دہشت گرد ہے، امریکا اسرائیل کو اسلحہ فراہم کررہا ہے ، امریکی صدارتی الیکشن میں امن کا نعرہ ہونا چاہیئے، لیکن امریکا کے حکمران صدارتی الیکشن میں اسرائیل کا ساتھ دینے کا نعرہ لگا رہے ہیں۔
غزہ پر اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے ایک سال مکمل ہونے،لبنان پر حملے کے خلاف، اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی اتوار کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان و تاریخی ”الاقصیٰ ملین مارچ“ کے لاکھوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ مسلم ممالک اپنا رول ادا نہیں کررہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ 57 اسلامی ممالک کی بہترین افواج موجود ہو اور ناسور اسرائیل کو کوئی کچھ نہ کہا جائے تو ایسی فوج کا کیا فائدہ؟ 80 لاکھ کی آبادی کا ملک اسرائیل ہے ، 2 کروڑ اسلامی ممالک کے عوام ہیں، اسرائیل کو طاقت مسلم حکمرانوں کے خاموش ہونے کی وجہ سے مل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو صرف اور صرف جذبہ جہاد اور شوق شہادت ہی روک سکتی ہے، اہل غزہ و فلسطین کے مسلمان شہید ہونے کے لیے تیار ہیں اور پوری دنیا کو جگارہے ہیں، اگر آج مسلم امہ کے حکمران اکٹھا نہیں ہوں گے تو کل اسرائیل تمہیں بھی نہیں چھوڑے گا، عرب کے حکمران سے کہنا چاہتے ہیں کہ اسرائیل حجاز مقدس پر بھی قبضہ کرنا چاہتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجی ایران میں بھی داخل ہو چکی ہے، 2006 میں حماس نے فلسطین میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی، حماس اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق لیجٹمیٹ ہے جو اسلحے کے ساتھ مقابلہ کرسکتے ہیں، جس طرح کشمیر کے عوام اسلحہ کے ساتھ لڑسکتے ہیں اسی طرح حماس بھی لڑسکتی ہے، 7 اکتوبر کو حماس کے مجاہدین نے اسرائیل کی ٹیکنالوجی جو شکست دی اور ان کے فوجیوں کو ہلاک کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ کراچی کا ملین مارچ کسی جماعت یا پارٹی کا نہیں بلکہ فلسطین کی مزاحمتی تحریک کا ملین مارچ ہے، ملین مارچ پوری امت کی طرف سے اظہار یکجہتی بھی ہے، اسرائیل غزہ میں خیموں اور اسپتالوں پر بھی بمباری کررہا ہے، یو این او کا اجلاس جاری تھا کہ اسرائیل کے صدر نے نقشہ پیش کیا اور نیل سے فراط تک گریٹر اسرائیل بنانے کا اعلان کیا ہے، مسئلہ صرف قراردادوں اور واک آؤٹ کا نہیں ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کو یوم یکجہتی غزہ منایا جائے گا، 7 اکتوبر کو پورے ملک میں گھروں اور دفاتر سے باہر نکل کو اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کریں گے، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں و طبقہ ہائے فکر سے اپیل کرتا ہوں کہ 7 اکتوبر کو فلسطین سے یوم یکجہتی کا دن منایا جائے، یوم یکجہتی فلسطین کی کال جماعت اسلامی نے دی ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ پورے پاکستان کے عوام بلا تفریق رنگ و نسل 12 بجے نکل کر یوم یکجہتی غزہ منائیں گے ،اسرائیل کی قسمت میں تباہی وبربادی ہے اور قبلہ اول ضرور آزاد ہوگا۔

