English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری : آج قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اہم اجلاس ہونگے

Senate and National Assembly meeting

اسلام آباد: 26 ویں آئینی ترمیمی بل کی منظوری کے لیے حکومت کی کوششیں عروج پر ہیں، آج (اتوار) قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اہم اجلاس منعقد ہوں گے۔

گزشتہ شب ہونے والے اجلاسوں میں مشاورت کا سلسلہ جاری رہا تاہم جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست پر مزید وقت مانگا، جس کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا تھا۔

آج قومی اسمبلی کا اجلاس شام 6 بجے ہو گا جس میں 26 ویں آئینی ترمیمی پیکج پیش کیا جائے گا۔ گزشتہ رات ہونے والے اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی شاہ نے کی تھی، تاہم تاخیر کے بعد اسے ملتوی کر دیا گیا۔

سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے

سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا۔ گزشتہ روز اس اجلاس میں بھی تاخیر دیکھی گئی، جبکہ اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیاں زور و شور سے جاری تھیں تاکہ اس اہم ترمیمی بل پر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔

سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کو دونوں ایوانوں میں منظوری کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ سنیچر کا دن سیاسی سرگرمیوں سے بھرپور رہا، حکومتی اتحاد اور اپوزیشن جماعتوں کے مابین اس بل پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ملاقاتیں ہوئیں۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوبارہ طلب

گزشتہ شب وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیر اعظم چیمبر میں ہوا، لیکن کابینہ 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری نہیں دے سکی۔ کابینہ کا اگلا اجلاس آج دوپہر 2:30 بجے طلب کیا گیا ہے جس میں اس بل کے مسودے پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری حکومتی ایجنڈے میں سر فہرست ہے، اور حکومت اس بل کی منظوری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے