اسلام آباد: توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت ملنے کے بعد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔
توشہ خانہ کیس ٹو میں ضمانت کے بعد بشریٰ بی بی کے ضمانتی مچلکے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے جاری کیے۔
ان کے ضمانتی مچلکے کو ملک طارق محمود نون نے جمع کرایا، جس کے بعد رہائی کی روبکار اڈیالہ جیل میں جمع کرائی گئی۔ بشریٰ بی بی سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے گھر کے لیے روانہ ہوئیں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ روز توشہ خانہ کیس ٹو میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کی تھی۔
تاہم، ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے باوجود سینئر اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدم دستیابی اور اسپیشل جج سینٹرل نمبر ٹو ہمایوں دلاور کی رخصت کے باعث بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار گزشتہ روز جاری نہیں کی جا سکی تھی۔
بشریٰ بی بی نے مجموعی طور پر 9 ماہ کا عرصہ جیل میں گزارا، بشریٰ بی بی کو رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی، سزا کا فیصلہ آنے کے بعد بشریٰ بی بی نے خود جیل میں آکر گرفتاری دی تھی۔
سابق خاتون اول کو اڈیالہ جیل کے بجائے بنی گالہ منتقل کیا گیا تھا، کمشنر اسلام آباد نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کردی تھی، بعدازاں بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ٹو میں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔

