ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

حساس معلومات لیک کرنے والا ’’را‘‘ کا نیٹ ورک بے نقاب، 2 ملزمان گرفتار

کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے 9 اکتوبر 2025ء کو ایک اہم انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘کے نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

اس کارروائی میں دیگر حساس اداروں نے بھی بھرپور تعاون کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی ایک بڑی سازش ناکام بنادی گئی۔

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان حساس سرکاری تنصیبات سے متعلق معلومات غیر قانونی طور پر اکٹھی کر کے سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک منتقل کر رہے تھے۔

دورانِ کارروائی ان کے قبضے سے موبائل فون، کمپیوٹرز، خفیہ دستاویزات اور مالی لین دین کے اہم ریکارڈ برآمد ہوئے۔ فرانزک تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ یہ افراد بیرونِ ملک بیٹھے بھارتی نیٹ ورک کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے اور پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے متعلق معلومات پہنچا رہے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے بعد مقدمات پیکا ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت درج کرلیے گئے ہیں، جب کہ مزید شواہد کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق بھارتی نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور فنڈنگ ذرائع کی نشاندہی کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سائبر سلامتی کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ریاست پاکستان اپنی ڈیجیٹل خودمختاری پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گی اور دشمن قوتوں کی ہر سازش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں