اسلام آباد: جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کے اعزاز میں شاندار الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے سبکدوش ہونے والے فور اسٹار جنرل کو گارڈ آف آنر پیش کیا، تقریب کا ماحول احترام اور پروفیشنل روایات کے امتزاج سے آراستہ تھا، جس میں ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پاک فوج کے ترجمان شعبہ ابلاغ عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں افواج کے جنرلز، سینئر افسران اور متعلقہ کمانڈرز موجود تھے۔ شرکاء نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی چار دہائیوں پر محیط شاندار عسکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے پاکستان آرمی میں 40 سال تک اہم ترین مناصب پر رہتے ہوئے ذمہ داریاں سنبھالیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ انہیں اللہ تعالیٰ نے ایمانداری، پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور خلوصِ نیت کے ساتھ فرائض انجام دینے کی توفیق دی، پاک فوج کی بنیادیں مضبوط نظریات، اعلیٰ تربیت، جذبہ ایثار اور مادرِ وطن سے غیر متزلزل محبت پر قائم ہیں۔
انہوں نے پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی بدولت آج محفوظ ہے، مسلح افواج کے بہادر افسران اور جوان دفاعِ وطن کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور ہر چیلنج کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط قومی دفاع ہی قومی سلامتی کا بنیادی ستون ہوتا ہے، اور پاکستان کا دفاع ہر لحاظ سے مضبوط، مربوط اور ناقابلِ شکست ہے،مسلح افواج قوم کی توقعات پر ہمیشہ پورا اتری ہیں اور مستقبل میں بھی اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور جرأت کے ساتھ ادا کرتی رہیں گی۔
